مستقبل میں حالیہ سیلاب جیسی تباہی سے بچنے کیلئے سندھ یونیورسٹی میں ماہرین کی بیٹھک
03 اکتوبر ،2022 ,Geo News
سندھ میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے اسباب اور مستقبل میں اتنی بڑی تباہی سے بچنے کیلئے جام شورو میں ماہرین کی بیٹھک منعقد ہوئی۔
آبپاشی ماہرین نے سیلاب کی قدرتی گزرگاہوں سے تجاوزات ہٹانے، لیفٹ بینک آؤٹ ڈرین (ایل بی او ڈی) اور رائٹ بینک آؤٹ ڈرین ( آر بی او ڈی) میں پانی کے اخراج کی گنجائش بڑھانے کی تجویز پیش کی۔
سندھ یونیورسٹی جامشورو کے ایم ایچ پنہور انسٹیٹیوٹ میں ’’حیدرآباد روشن خیال فورم‘‘ کی میزبانی میں "سندھ کی ٹوپوگرافی، ایل بی او ڈی، آر بی او ڈی، آبی گزرگاہوں، شگاف اور 2022 کے سیلاب میں انتظامات” کے عنوان کے تحت ڈائیلاگ سیشن رکھا گیا۔
ڈائیلاگ سیشن کے دوران تنظیم کے کنوینر ڈاکٹر عبدالحمید سومرو نے کہا کہ ہمارا مقصد سیلاب کی تباہ کاریوں کے اسباب اور مستقبل میں اتنی بڑی تباہی سے بچنے کیلئے لوگوں میں آگہی فراہم کرنا ہے۔
ڈائیلاگ سیشن میں ماہر آبپاشی حبیب الرحمان عرسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ہو جاتی ہیں تو پانی کا نکاس بند ہو جاتا ہے جبکہ ایل بی او ڈی میں پانی کے اخراج کی گنجائش بڑھانے کیلئے مستقبل میں کام کرنا ہوگا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ 2010 اور 2022 کے سیلاب کا تفصیلی جائزہ لے کر آئندہ کیلئے ایک منظم حکمت عملی بنانا ہوگی۔