سیلاب: اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا
04 اکتوبر ، 2022 ،جیو نیوز
اقوام متحدہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما پاکستان کے لیے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا۔
اقوام متحدہ نے امداد کی اپیل 16 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کر دی ہے، امداد میں اضافے کی اپیل جینیوا میں آج یو این اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان بدترین سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نبرد آزما ہے جس میں مدد کے لیے امداد میں اضافے کی اپیل کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے لیے اقوم متحدہ رابطہ افسر جولیئن ہارنیس کا جینیوا میں بریفنگ میں کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین موت اور تباہی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں صحت، غذا، پانی اور صفائی کے کاموں میں جلد حکومت پاکستان کی مدد نہ کی گئی تو بچوں کی بیماریوں میں خوفناک اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں اب تک تقریباً 1700 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، پاکستان اور اقوام متحدہ نے سیلاب کا سبب موسمیاتی تبدیلی کو قرار دیا ہے۔