وزیر اطلاعات نے درخت لگانے کی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معاشرے کے مختلف طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ درخت لگانے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے محفوظ رکھا جا سکے۔
آج اسلام آباد میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام شجر کاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ حکومت درخت لگانے اور ہوا کے معیار میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہماری بقا درختوں سے جڑی ہوئی ہے۔ ہمیں درخت لگانے کو قومی فریضہ سمجھ کر اس مہم کو تعلیمی اداروں کی سطح تک لے جانا چاہیے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد کی پہچان ہے اور اسے تمام خطرات سے بچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وزیر اطلاعات نے ٹیلی ویژن چینلوں سے کہا کہ وہ ایک سماجی مقصد کے طور پر اس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے درخت لگانے کی حوصلہ افزائی کے لیے کچھ وقت وقف کریں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک ایپ بھی لانچ کی جائے گی، جس سے لوگ اپنے لگائے گئے درختوں کا سراغ لگا سکیں گے۔ اس سے وہ اپنے درختوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذمہ داری کاربن کے اخراج میں اہم کردار ادا کرنے والوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کریں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں صرف دو فیصد حصہ ڈالتا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔
اس موقع پر اپنے ریمارکس میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے شجرکاری مہم کو کامیاب طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے مختلف محکموں کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔