کلائمٹ چینج سے پاکستان کو 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال
Ary News, 24 Oct, 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاری سے 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب کی وجہ سے متعدد اضلاع مکمل تباہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان واٹر ویک 2022 کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گلیشیئرز پھٹ رہے ہیں، پانی کی قلت اور ہیٹ ویوز کا سامنا ہے، یہ تمام تبدیلیاں پاکستان کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی ہو رہی ہے، پاکستان کو موسمیاتی تباہ کاری سے 32 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متعدد اضلاع سیلاب کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگئے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان شدید متاثر ملک ہے، ملک کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔