وزیرخزانہ کی پاکستان میں سیلاب کےاثرات اورامدادی کارروائیوں پراعلیٰ سطحی گول میزکانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت
Source: Radio Pakistan, 14 Oct, 2022
وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں سیلاب کے اثرات اورامدادی کارروائیوں (ردعمل )پر ایک اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ عالمی بینک کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب کی مشترکہ صدارت ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر اور پاکستان اور افغانستان کے لیے برطانیہ کے وزیراعظم کے خصوصی نمائندے نائجل کیسی نے کی۔
گول میز کانفرنس میں تمام بڑے دو طرفہ اور کثیر جہتی شراکت داروں اور عطیہ دہندگان کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان میں اس آفت کے بعد کی ضرورت کے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یواین ڈی پی ، یورپی یونین اور حکومت پاکستان کے مشترکہ تیارکردہ ابتدائی نتائج گول میز میں پیش کیے گئے۔
شرکانے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں وزیر خزانہ نے بحالی اور بحالی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو مناسب مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایم ایف کے ایم سی ڈی ڈائریکٹر جہد ازور کسے ملاقات میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد بارے تبادلہ خیال کیا۔ ا زور نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کو لاگو کرنے کے عزم کو سراہا اور فنڈ کی طرف سے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقی کے دفتر (ایف سی ڈی او)میں برطانیہ کی وزیر مملکت برائے ترقی وکی فورڈ سے ملاقات کی۔ انہوں نے تباہ کن سیلاب سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور مالی مدد کے لیے حکومت برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈی سی ٹی ایس سکیم کے تحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو دی جانے والی تجارتی مراعات کو بھی سراہا۔
وزیر خزانہ نے معیشت کو مستحکم کرنے اور پائیدار اور پرعزم طور پر بحالی کے لیے پاکستانی حکومت کے وژن کا بھی اشتراک کیا۔ وزیر فورڈ نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر برطانوی حکومت کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت کی بچائو اور امدادی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستان کے لیے برطانیہ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای اوسلطان عبدالرحمن المرشید سے بھی ملاقات کی جس میں انہوںنے پاکستان کے لیے ہر مشکل وقت میں برادر مملکت سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کے لیے پاکستان کی حکومت کی طرف سے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی فنڈ ٹیم کے آئندہ دورہ پاکستان کا بھی خیر مقدم کیا۔المرشید نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ حکومت پاکستان کے ساتھ کام اورتعاون جاری رکھے گا۔
امریکی محکمہ خار جہ کے بیورو آف اکنامک اینڈ بزنس افیئرز کے اسسٹنٹ سیکرٹری رامین تولوئی اور ڈونالڈ لو، اسسٹنٹ سکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا بیورونے امریکی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی سفارت خانے میں وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ جس کے دوران ان عہدیداران نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی بحالی اور امدادی کوششوں کے لیے مسلسل امریکی تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے بلومبرگ، وال سٹریٹ جرنل، رائٹرز، اے پی اور اے ایف پی کو دیئے گئے اپنے انٹرویوز میں حکومت کی اقتصادی ترجیحات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کے جاری پروگرام پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس کے بعد شام کو پاکستان ہاؤس میں سینئر نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے مختلف تھنک ٹینکس اور مریکی میڈیا کا شکریہ ادا کیا ۔
وزیر خزانہ نے وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق کے ہمراہ آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے 2022 کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ وفد کے ارکان نے یو این سی ٹی اے ڈی کے سینئر نمائندے سے ملاقات کی اور سالانہ اجلاسوں کے موقع پر منعقد ہونے والی متعدد تقریبات میں شرکت کی جن ۔ میں یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی قیادت اور پاکستان میں کام کرنے والی بڑی امریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں شامل تھیں۔
وزیر خزانہ واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے آئی ایم ایف/ورلڈ بینک کے 2022 کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وفد کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب شیخ، سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم احمد نیازاور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈویژن علی طاہر شامل ہیں ۔