امداد کافی نہیں، آلودگی پھیلانے والے ممالک سے ماحولیاتی انصاف چاہیے: وزیراعظم
News Desk By Fawad Khan
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ سیلاب پر عالمی برادری کی امداد کافی نہیں بلکہ آلودگی پھیلانے والے امیر ممالک سے ماحولیاتی انصاف چاہتے ہیں۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو صحت، فوڈ سکیورٹی اور نقل مکانی کے غیر معمولی بحران کا سامنا ہے، ترقی یافتہ ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے ہوئی تباہی کی شدت ہمارے وسائل سے باہر ہے، پاکستان غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے قابل ہوجائےگا تو ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب پر عالمی برادری کی امداد کافی نہیں بلکہ آلودگی پھیلانے والے امیر ممالک سے ماحولیاتی انصاف چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں کی واپسی کے حوالے سے چین، پیرس کلب سمیت ہر ایک سے بات کروں گا، عالمی برادری کے بیانات کو عملی شکل دینا زیادہ اہم ہے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے، نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کیلئے تیزی سےکام کریں۔