دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تمام بیراجوں پر معمول پر آگیا:ذرائع
دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تمام بیراجوں پر معمول پر آگیا:ذرائع
لاہور:طوفانی سیلابی ریلوں کی صورت میں تباہی مچانے کے بعد، طاقتور دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تمام بیراجوں پر معمول پر آگیا ہے جس کے بعد دریائے سندھ کا پانی کوٹری بیراج کے نچلے درجے سے نیچے آگیا ہے۔
بدھ کے روز محکمہ موسمیات کے ذیلی ادارے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے شیئر کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اپ اسٹریم بیراجوں میں ندی میں پانی کی سطح پہلے ہی معمول کے بہاؤ پر واپس آچکی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں مون سون کی بے شمار بارشوں اور دریائے سندھ میں پانی کے شدید بہائو کی وجہ سے اچانک آنے والے سیلاب نے فصلوں کو ڈبو دیا ہے اور علاقے میں ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچایا ہے۔
سندھ کے ایک بہت بڑے علاقے میں بارش کے پانی سے پیدا ہونے والی ایک بہت بڑی جھیل نے صوبے کے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے۔
دریائے سندھ میں سیلاب کے نیچے جانے کے ساتھ ہی زیر آب علاقے میں کھڑا بارش کا پانی دریا میں جانے کے لئے راستہ بن رہا ہے۔
گڈو بیراج کے مقام پر دریا میں پانی کی آمد 64 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 47 ہزار 400 کیوسک رہا ہے۔
سکھر بیراج کے مقام پر دریا میں پانی کی آمد 49 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 40 ہزار 900 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 70 ہزار کیوسک اور اخراج 76 ہزار 500 کیوسک ہے۔
جناح بیراج کالاباغ میں پانی کی آمد 85 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 77 ہزار 200 کیوسک رہا۔
چشمہ کے مقام پر دریا میں پانی کی آمد ایک لاکھ 9 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 88 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تونسہ بیراج کے مقام پر سندھ میں پانی کی آمد 82 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 62 ہزار کیوسک رہا۔