وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیرصدارت نیشنل فلڈ رسپانس کارڈینیشن سینٹر کا اجلاس, سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں کا جائزہ, متعلقہ حکام کو نقصانات کا جائزہ لینے کے سروے تیز کرنے کی ہدایت
www.pc.gov.pk, 7 September, 2022
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کے روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے سروے تیز کرنے کی ہدایت کی ہے.
وفاقی وزیر نے یہ ہدایات نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی.
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح سیلاب زدگان کی امداد یے جو پہلے دن سے جاری ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری قوم متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے.
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے جلد سروے مکمل کیا جائے.
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے متعدد بیماریاں سامنے آئی ہیں خاص طور پر پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں جس سے متاثرہ افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا.
وفاقی وزیر نے وزارت صحت اور صوبائی حکومتوں کے حکام پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد میں تیزی لائیں اور سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں آئی این جی اوز اور این جی اوز کو شامل کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے.
مزید بران حکام کو یہ بھی ہدایت جاری کیں کہ وہ لوگوں کو ریلیف کیمپوں کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں اور ڈیمز میں پانی کی سطح کو باقاعدہ مانیٹر بھی کیا جائے .